Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

آزاد کشمیر میں سوشل میڈیا نگرانی کیلئے خصوصی سیل قائم

مظفرآباد: آزاد کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم صارفین کی پوسٹس اور آن لائن مواد کا جائزہ لیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق یہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل پولیس ریجن پونچھ راولاکوٹ میں قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ نفرت انگیز، اشتعال انگیز یا قابل اعتراض مواد کی نگرانی کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے متعلق شیئر کیے جانے والے مواد کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے تحت اس مقصد کے لیے 8 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انسپکٹر رفاقت الیاس کو سیل کا انچارج جبکہ سب انسپکٹر محمد ادریس کو نائب انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود مواد کا جائزہ لے کر ضروری معلومات مرتب کرے گی۔

پولیس کے مطابق قابل اعتراض یا قانون کے خلاف تصور کیے جانے والے مواد اپ لوڈ کرنے والے اکاؤنٹس کی تفصیلات متعلقہ اداروں کو فراہم کی جائیں گی تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

حکام نے یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ انٹرنیٹ سروسز کی مکمل بحالی کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز یا اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں