Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

ایران امریکا معاہدے کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی

عالمی تیل قیمتیں ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ امن معاہدے کے بعد مسلسل دباؤ کا شکار ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں 16 سینٹ کمی کے بعد یہ 78.80 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 25 سینٹ سستا ہوکر 75.80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے عبوری امن معاہدے کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت بحال ہونے کی توقعات نے مارکیٹ میں موجود جغرافیائی سیاسی خدشات کو کم کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ معاہدے نے عالمی منڈیوں کو مثبت اشارہ دیا ہے، تاہم آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل ابھی مکمل طور پر معمول پر نہیں آئی، جس کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال بدستور موجود ہے۔

یاد رہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی تقریباً 20 فیصد ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے اس راستے کی بحالی عالمی توانائی مارکیٹ کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔

دوسری جانب چین میں خام تیل کی طلب میں کمی اور امریکی ذخائر میں غیر متوقع کمی کی اطلاعات بھی مارکیٹ کے رجحانات پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں عالمی تیل قیمتیں مزید اتار چڑھاؤ کا شکار رہ سکتی ہیں، تاہم مجموعی رجحان فی الحال کمی کی جانب دکھائی دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں