Search
Close this search box.
بدھ ,17 جون ,2026ء

محرم میں دفعہ 144 نافذ، پنجاب بھر میں نئی پابندیاں

لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں محرم میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں یکم سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہیں گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محرم میں دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد فرقہ وارانہ کشیدگی، اشتعال انگیزی اور امن عامہ کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس دوران نئے جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومت نے عوامی مقامات پر ڈنڈے، چاقو، خنجر، نیزے اور دیگر خطرناک اشیا لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اسی طرح ایسے نعرے، بینرز یا مواد کی نمائش بھی ممنوع قرار دی گئی ہے جو کسی فرقے یا گروہ کے جذبات کو مشتعل کر سکتے ہوں۔

سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فرقہ وارانہ نفرت، اشتعال انگیزی یا توہین آمیز مواد کی تشہیر پر بھی سخت پابندی ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، اینٹیں، پتھر یا دیگر اشیا جمع کرنے اور جلوس کے دوران راستوں کے اطراف موجود عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی، تاہم خواتین، بزرگ شہریوں، ریسکیو 1122، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اہلکاروں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں