اسلام آباد: بیرون ملک پاکستانی ملازمت کے حصول کا رجحان بدستور جاری ہے اور رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران لاکھوں پاکستانی بہتر روزگار کی تلاش میں مختلف ممالک کا رخ کر چکے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مئی 2026 تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 78 ہزار 536 پاکستانی روزگار کے لیے بیرون ملک گئے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے خلیجی ممالک سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ملازمتیں حاصل کیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ تعداد مزدور طبقے کی رہی، جہاں ایک لاکھ 72 ہزار 6 افراد روزگار کی غرض سے بیرون ملک روانہ ہوئے۔ اسی طرح 52 ہزار 652 ڈرائیورز نے بھی مختلف ممالک میں ملازمتیں حاصل کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 ہزار 341 انجینئرز، ایک ہزار 284 ڈاکٹرز اور 487 نرسز بھی بیرون ملک ملازمت کے لیے گئے۔ ماہرین کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی بیرون ملک طلب میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ملکی سطح پر سب سے زیادہ پاکستانیوں نے سعودی عرب کا رخ کیا جہاں ایک لاکھ 59 ہزار 144 افراد روزگار کے لیے پہنچے۔ متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر رہا جہاں 50 ہزار 574 پاکستانی گئے، جبکہ قطر میں ملازمت حاصل کرنے والوں کی تعداد 30 ہزار 312 رہی۔
بیورو آف امیگریشن کے مطابق برطانیہ میں ایک ہزار 234 جبکہ امریکا میں 357 پاکستانی روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اسی دوران 86 افراد ہانگ کانگ اور 23 پاکستانی ایران بھی ملازمت کی غرض سے گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ملازمت کے مواقع نہ صرف بے روزگاری میں کمی کا سبب بنتے ہیں بلکہ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔

