اسلام آباد: (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر ن لیگ ٹکٹ کے معاملے پر پارٹی قیادت نے مزید مشاورت کا فیصلہ کرتے ہوئے آٹھ انتخابی حلقوں میں امیدواروں کے ناموں کے اعلان کو فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض حلقوں میں وفاقی سطح کی سفارشات، جبکہ کچھ علاقوں میں نئی سیاسی شمولیتوں کے امکانات کے باعث صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جن حلقوں میں ابھی تک امیدواروں کا اعلان نہیں کیا گیا ان میں آزاد کشمیر کے پانچ جبکہ مہاجرینِ مقیم پاکستان کے تین حلقے شامل ہیں۔ قیادت امیدواروں کے انتخاب میں سیاسی صورتحال، مقامی اثر و رسوخ اور آئندہ انتخابی حکمت عملی کو مدنظر رکھ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عباس پور اور لچھراٹ کے حلقوں میں وفاقی وزرا کی سفارشات کو اہمیت حاصل ہے، جس کے باعث حتمی فیصلے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ عباس پور سے چوہدری یاسین گلشن اور لچھراٹ سے چوہدری شہزاد مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
ادھر حلقہ پونچھ-5 پاچھیوٹ میں بھی آزاد کشمیر ن لیگ ٹکٹ کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایک اہم اور بااثر سیاسی شخصیت کو میدان میں اتارنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ڈڈیال کے حلقے میں سابق وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق کی مسلم لیگ (ن) میں ممکنہ شمولیت کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں، جبکہ انہیں پارٹی ٹکٹ دیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح راج محل کے حلقے میں ذرائع ملک نواز کو مضبوط امیدوار قرار دے رہے ہیں، جبکہ مہاجرین کے حلقوں ایل اے-36، ایل اے-41 اور ایل اے-45 میں بھی امیدواروں کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز کے دوران باقی حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
