فیصل آباد: محفوظ بجلی صارفین کے لیے فیسکو (فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) نے بلنگ سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے بلوں میں ترمیم پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق اگر کسی صارف کے بجلی کے استعمال میں ایک یونٹ بھی 200 یونٹس سے زیادہ ہو جائے تو اس کے بل میں کسی قسم کی درستگی نہیں کی جائے گی۔
فیسکو حکام کے مطابق محفوظ بجلی صارفین کے لیے 200 یونٹس کی حد پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت مقررہ حد سے صرف ایک یونٹ زیادہ استعمال ہونے کی صورت میں بھی صارف محفوظ کیٹیگری کے فوائد سے محروم ہو سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلنگ میں غفلت یا غلطی کے ذمہ دار عملے کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی تاکہ صارفین کے بل درست انداز میں تیار کیے جا سکیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی سے بچا جا سکے۔
فیسکو کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اگر کوئی صارف چھ ماہ کے دوران ایک مرتبہ بھی 200 یونٹس سے زائد بجلی استعمال کرتا ہے تو اس کی محفوظ صارف کی حیثیت ختم ہو جائے گی، جس کے بعد اسے عام ٹیرف کے مطابق بل ادا کرنا ہوگا۔
کمپنی نے اپنے تمام متعلقہ دفاتر اور بلنگ عملے کو نئی پالیسی پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد محفوظ صارفین کے لیے مقررہ قواعد پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔

