لاہور: پنجاب لینڈ ریکارڈ فیس میں تبدیلی کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے مختلف لینڈ ریکارڈ خدمات پر نئے سروس چارجز فوری طور پر نافذ کر دیے ہیں۔ نئے نرخوں کا اطلاق تمام متعلقہ دفاتر اور لینڈ ریکارڈ سینٹرز میں فوری طور پر ہوگا۔
سرکاری فیصلے کے مطابق فرد، انتقال اور گرداوری کی ایکسپریس کاپی حاصل کرنے کے لیے اب 4 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ انہی دستاویزات کی عام (اسٹینڈرڈ) کاپی کی فیس 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی فیس 800 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لینڈ ریکارڈ کی مکمل نقل حاصل کرنے کے لیے 5 ہزار روپے جبکہ رجسٹرڈ دستاویز (رجسٹرڈ ڈیڈ) کی نقل کے لیے ایک ہزار 400 روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈ فیس کے نئے نرخ تمام متعلقہ دفاتر میں فوری نافذ العمل ہوں گے اور شہریوں سے مقررہ سروس چارجز وصول کیے جائیں گے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ نئے سروس چارجز کے نفاذ کا مقصد لینڈ ریکارڈ سے متعلق خدمات کو مزید منظم اور مؤثر بنانا ہے، جبکہ شہریوں کو تمام خدمات پہلے کی طرح لینڈ ریکارڈ سینٹرز سے دستیاب رہیں گی۔


