لاہور: 5 ایکڑ زمین پر ڈھائی لاکھ روپے دینے کا بڑا اعلان سامنے آ گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے قابلِ کاشت سرکاری زمین مفت لیز پر فراہم کرنے کے ساتھ فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی معاونت بھی دے رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر کسی مستحق شخص کو 5 ایکڑ زمین ملتی ہے تو حکومت اسے فی ایکڑ 50 ہزار روپے کے حساب سے مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے فراہم کرے گی تاکہ وہ زمین پر کاشت کا آغاز کر سکے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کو مزید قابلِ کاشت سرکاری زمینیں تلاش کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں اور صوبے کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہو۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مالی معاونت کی فراہمی کا مقصد کسانوں کو ابتدائی اخراجات پورے کرنے میں مدد دینا اور زرعی شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں سب سے زیادہ ضرورت مند افراد کو منتخب کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ تھر، پوٹھوہار، جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب سمیت مختلف علاقوں کے کسانوں کو اس منصوبے کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ زرعی ترقی کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلایا جا سکے۔
واضح رہے کہ “اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم کے تحت پنجاب حکومت نے 30 ہزار مستحق خاندانوں میں پانچ، پانچ ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری زمین 20 سالہ مفت لیز پر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کے مطابق زمین کی فراہمی کے ساتھ جدید زرعی رہنمائی، تکنیکی معاونت اور مالی تعاون بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ مستحق خاندان مستقل روزگار حاصل کر سکیں۔




