اسلام آباد: حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف منتقل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جائے تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی آ سکے۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نیا اور شفاف فارمولا تیار کرے گی۔ یہ کمیٹی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سفارشات پیش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسے مستقل اور شفاف ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے نظام پر بھی کام کر رہی ہے جس کے ذریعے عوام کو ہر تبدیلی کی واضح وجوہات سے آگاہ رکھا جائے گا۔
بیان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد حکومت نے توانائی پالیسی پر بھی نظرثانی شروع کر دی ہے تاکہ آئندہ بھی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی قیمتوں میں کمی کا یہ رجحان برقرار رہتا ہے تو آنے والے دنوں میں عوام کو مزید پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

