لاہور ( نیوز ڈیسک) سانحہ 9 مئی کےاہم مقدمے میں انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد سینئر رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سناتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمہ نمبر 1570/23 کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ مقدمہ 9 مئی کے واقعات کے دوران مغلپورہ میں پولیس گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور ہنگامہ آرائی سے متعلق درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔
استغاثہ کے مطابق ان رہنماؤں پر 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی منصوبہ بندی کرنے اور کارکنوں کو احتجاج، فساد اور بغاوت پر اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
مقدمے میں مجموعی طور پر 22 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے دو ملزمان پہلے ہی اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی 20 ملزمان کیخلاف عدالت نے فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت میں 37 گواہان کے بیانات اور دیگر شواہد پیش کیے گئے تھے، جن کی بنیاد پر ملزمان کو سزا دینے کی استدعا کی گئی۔
عدالتی فیصلے میں شاہ محمود قریشی کو شواہد کی عدم موجودگی یا ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر بری کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی تفصیلات جاری


