Search
Close this search box.
هفته ,27 جون ,2026ء

سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، بجٹ ٹیم کو چھ بنیادی تنخواہوں کے برابر بونس دینے کا اعلان

اسلام آباد: سرکاری ملازمین بونس کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اہم اعلان کرتے ہوئے بجٹ کی تیاری اور منظوری کے عمل میں حصہ لینے والے افسران اور عملے کو چھ بنیادی تنخواہوں کے برابر خصوصی بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بجٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی تیاری، ترتیب اور منظوری کے تمام مراحل میں متعلقہ افسران اور ملازمین نے دن رات محنت کی، جس کے اعتراف میں انہیں خصوصی بونس دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انعام ان اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات اور غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کا بجٹ کامیابی سے مکمل کیا گیا، جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹس بھی اسی مالی سال کے دوران پارلیمنٹ میں پیش کی گئیں، جسے شفافیت اور بہتر مالی نظم و نسق کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کی منظوری کے بعد حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سمیت تمام متعلقہ حکام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی مشکلات میں کمی لانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، جبکہ معاشی ٹیم نے بھی مستقبل میں اصلاحات اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں