مظفرآباد: آزاد کشمیر بجٹ 2026-27 پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے کہا ہے کہ حکومت نے مشکل مالی حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ ترتیب دیا ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اور ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیر خزانہ نے قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایلیمنٹری اور سیکنڈری تعلیم کے فروغ کے لیے 2 ارب 97 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ کالجز سیکٹر کے لیے 70 کروڑ 49 لاکھ 20 ہزار روپے کے خصوصی تعلیمی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی جامعات کو 1 ارب 97 کروڑ 30 لاکھ روپے کی گرانٹ فراہم کی جائے گی تاکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
صحت کے شعبے میں متعدد بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بجلی کے ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور مرمت کی مد میں 72 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اربن پلاننگ اور شہری سہولیات کے لیے 7 کروڑ 5 لاکھ 78 ہزار روپے جبکہ مظفرآباد شہر کی خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے 34 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر بجٹ 2026-27 میں امن و امان کے شعبے کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ پولیس شہداء پیکج کی منظوری کے ساتھ سی ٹی ڈی کے قیام کے لیے 473 نئی آسامیوں اور رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لیے 1,340 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ پولیس کے لیے اسلحہ، ایمونیشن اور اینٹی رائٹ آلات کی خریداری کے لیے 47 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکومت نے محکمہ جنگلات کے 878 بیلداران کو مستقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ بلدیاتی اداروں کی پنشن ادائیگی کے لیے 51 کروڑ 89 لاکھ 38 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مہاجرین 1989-90 کے گزارہ الاؤنس میں 2,500 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ بحالیات کو 73 کروڑ 4 لاکھ 70 ہزار روپے اضافی فراہم کیے جائیں گے۔
مالیاتی شعبے میں آزاد جموں و کشمیر بینک کو شیڈول بینک بنانے کے تمام تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ اگست کے پہلے ہفتے تک اسے باضابطہ شیڈول بینک کا درجہ مل جائے گا۔ بینک کی پہلی آن لائن برانچ بھی جلد فعال ہوگی، جبکہ بینک کے ایکویٹی شیئر کے لیے 2 ارب 90 کروڑ روپے اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اے جے کے یونیورسل فنڈ میں 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے مختصر مدت میں ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا ہے اور آئندہ بھی عوامی فلاح، بہتر طرز حکمرانی اور ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔


