Search
Close this search box.
بدھ ,01 جولائی ,2026ء

کاہنہ سانحہ: جاں بحق ہر بچے کے ورثا کو 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان

لاہور: کاہنہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین کے لیے پنجاب حکومت نے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ حادثے میں جان گنوانے والے ہر بچے کے خاندان کو 20 لاکھ روپے فوری طور پر ادا کیے جائیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کو امدادی پیکج پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔

دوسری جانب حادثے میں زخمی ہونے والی ٹیچر انیلا نے اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث چھت سے پانی ٹپک رہا تھا، جس کی وجہ سے مرمت کا کام جاری تھا۔ ان کے بقول کسی کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ چھت اچانک گر جائے گی۔

انیلا نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو برس سے مالی مشکلات کے باعث اپنے گھر میں ٹیوشن سینٹر چلا رہی تھیں، جہاں عام طور پر 30 سے 35 بچے پڑھنے آتے تھے، جبکہ حادثے کے روز تقریباً 20 بچے موجود تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی اپنی بیٹی بھی اس حادثے میں زخمی ہوئی، تاہم اب اسے اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

ماہرین نے ابتدائی جائزے میں بتایا ہے کہ کمرے کی چھت لوہے کے سریے، سیمنٹ اور مٹی کی تہوں پر مشتمل تھی، جو ایک ساتھ گرنے سے بچوں پر شدید دباؤ پڑا۔ ان کے مطابق بچوں کے سر اور جسم کے اوپری حصے پر زیادہ وزن آنے کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کی کھوپڑی بالغ افراد کے مقابلے میں زیادہ نازک ہوتی ہے، جس کے باعث شدید چوٹیں لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کمرے کے درمیان بیٹھے بچوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا، جبکہ دیواروں کے قریب موجود بچوں کو نسبتاً کم چوٹیں آئیں۔

تحقیقاتی ٹیمیں اس پہلو کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ حادثے کے وقت چھت پر مزدوروں کی موجودگی اور اضافی وزن نے بھی ممکنہ طور پر چھت گرنے میں کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں