Search
Close this search box.
بدھ ,01 جولائی ,2026ء

بینک آف پنجاب نے اعلیٰ ترین AAA کریڈٹ ریٹنگ حاصل کر لی

پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بینک آف پنجاب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ ترین AAA کریڈٹ ریٹنگ حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (PACRA) کی تازہ رپورٹ کے مطابق بینک کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ +AA سے بڑھا کر AAA کر دی گئی ہے، جبکہ قلیل مدتی ریٹنگ A1+ برقرار رکھی گئی ہے۔ اس اعزاز کے ساتھ بینک آف پنجاب ملک کا پہلا اور واحد صوبائی بینک بن گیا ہے جسے یہ اعلیٰ ترین درجہ حاصل ہوا۔

رپورٹ کے مطابق یہ کامیابی بینک کی مضبوط مالی حکمت عملی، مؤثر رسک مینجمنٹ اور مسلسل بہتر ہوتی کاروباری کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ سال 2025 کے دوران بینک کے ڈپازٹس 2 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے جبکہ آپریٹنگ منافع میں 98.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بینک نے ڈیجیٹل بینکنگ، جدید مالیاتی سہولتوں اور فنڈز کی لاگت میں کمی کے ذریعے اپنی کارکردگی کو مزید مستحکم بنایا۔

بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود نے اس کامیابی کو پوری ٹیم کی محنت، صارفین کے اعتماد اور حکومت پنجاب کے تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ AAA کریڈٹ ریٹنگ بینک کی مالی مضبوطی، شفاف طرز حکمرانی اور بہترین پیشہ ورانہ معیار کی عکاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینک آف پنجاب زراعت، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، خواتین کی مالی خودمختاری اور سماجی ترقی کے منصوبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ “کسان کارڈ” اور “اپنی چھت اپنا گھر” جیسے حکومتی پروگراموں میں بینک کی شمولیت نے ہزاروں شہریوں کو مالی سہولتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اعلیٰ ترین کریڈٹ ریٹنگ سے بینک پر سرمایہ کاروں اور صارفین کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا، جبکہ مستقبل میں بینکنگ شعبے میں اس کی پوزیشن پہلے سے زیادہ مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں