Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

وزیراعظم 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ تہران میں شہید آیت اللہ خامنہ ای کی نمازجنازہ میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورے کریں گے، جہاں وہ دونوں ممالک کی قیادت سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورۂ ایران کے دوران پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازجنازہ میں بھی شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول بھی جائیں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مفاہمتی یادداشت (آئی ایم او یو) کی روشنی میں امریکا۔ایران معاہدے کے حوالے سے اپنی سفارتی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں فریق بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر متفق ہیں۔ ترجمان کے مطابق فریقین نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد مذاکرات کا اگلا مرحلہ آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مسائل کے پرامن حل کی راہ ہموار کریں گی۔

مزید پڑھیں۔مومنہ اقبال ہراسانی کیس: ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم

یہ بھی پڑھیں