اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ درجہ بندی سے متعلق ہینلے اینڈ پارٹنرز نے جولائی تا دسمبر 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی عالمی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان 100ویں نمبر پر برقرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا کے 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت سے سفر کر سکتے ہیں۔ اسی بنیاد پر پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں 100ویں مقام پر رکھا گیا ہے، جبکہ فہرست میں پاکستان سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس شامل ہیں۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی تازہ رینکنگ کے مطابق سنگاپور مسلسل دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ سنگاپور کے شہری 192 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
فہرست میں متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا 188 ممالک تک ویزا فری رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سویڈن 187 ممالک تک رسائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ نے سب سے زیادہ ترقی کی ہے۔ اس عرصے میں امارات کی عالمی درجہ بندی میں 40 درجوں کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد وہ دنیا کے دوسرے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شامل ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق کسی بھی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اس کے حامل افراد کتنے ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں، اسی بنیاد پر ہر سال عالمی فہرست مرتب کی جاتی ہے۔


