Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر سخت کارروائی

لاہور: ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی نئی پالیسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت جاری کی ہے کہ مہلک، غیر مہلک حادثات اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق اگر کسی ڈرائیور کی غفلت یا لاپرواہی کے باعث حادثہ پیش آتا ہے تو اس کے خلاف صرف چالان ہی نہیں بلکہ قانون کے مطابق اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کیا جا سکے گا۔ نئی ہدایات کے تحت معطلی کی مدت حادثے کی نوعیت کے مطابق کم از کم چھ ماہ اور زیادہ سے زیادہ تین سال تک ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مہلک حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے لیے مزید سخت ضابطہ اختیار کیا گیا ہے۔ ایسے افراد کے ڈرائیونگ لائسنس معطل رہیں گے اور ان کی بحالی صرف متعلقہ عدالت کی اجازت سے ممکن ہوگی۔

سی ٹی او نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص معطل شدہ لائسنس کے باوجود گاڑی چلاتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی صرف ایک قانونی جرم نہیں بلکہ یہ قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ محفوظ شاہراہوں، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور حادثات میں کمی کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ رفتار کو قابو میں رکھیں، محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں، ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں اور ذمہ دار ڈرائیونگ کا مظاہرہ کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں