اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچ سکے۔
اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح کے قریب آ چکی ہیں، مگر اس کے باوجود پاکستان میں عوام کو اب بھی مہنگا پیٹرول خریدنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے فوری طور پر قیمتوں میں نمایاں کمی کرنی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بجائے عام شہریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ صارفین تک منتقل ہونا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکس کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز موجود نہیں، اس لیے حکومت اسے فوری طور پر ختم کرے تاکہ عوام پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی آنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام بنیادی ضروریات کی قیمتیں 28 فروری کی سطح پر واپس لانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، اس لیے حکومت کو ایسی پالیسیاں اختیار کرنی چاہییں جن سے براہِ راست عوام کو ریلیف ملے، نہ کہ صرف کاروباری اداروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

