Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

مظفرآباد: (راجہ بشارت صاحب)پی ٹی آئی آزاد کشمیر الیکشن بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر نے موجودہ سیاسی اور عوامی صورتحال کے باعث آئندہ انتخابی عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جماعت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اصولی مؤقف کے تحت کیا گیا ہے۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر اس وقت ایک سنگین بحران سے گزر رہا ہے، جہاں راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہری اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور دھرنے دے رہے ہیں۔ پارٹی کے مطابق طاقت کے استعمال سے جانی نقصان بھی ہوا ہے جبکہ پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

بیان کے مطابق پی ٹی آئی آزاد کشمیر الیکشن بائیکاٹ کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ موجودہ حالات میں انتخابی ماحول آزاد، شفاف اور منصفانہ نہیں رہا۔ پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ جب سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں، قیادت کی گرفتاریاں، میڈیا پر پابندیاں اور اظہارِ رائے پر قدغنیں موجود ہوں تو ایسے ماحول میں انتخابات اپنی اہمیت اور ساکھ کھو دیتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ وہ اقتدار کے حصول سے زیادہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، حقِ خودارادیت اور جمہوری مطالبات کی حمایت کو ترجیح دیتی ہے۔ جماعت کے مطابق موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہی اس کی اولین ذمہ داری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پارٹی اس وقت تک انتخابات میں حصہ نہیں لے گی جب تک حالات معمول پر نہیں آتے، تمام سیاسی اور عوامی قوتوں کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کے معاملات مذاکرات کے ذریعے حل نہیں ہوتے، انتخابی شیڈول پر نظرثانی نہیں کی جاتی اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں اور آزادانہ انتخابی ماحول فراہم نہیں کیا جاتا۔

پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا کہ آئندہ بھی اس کی سیاسی جدوجہد کا محور کشمیری عوام کے جمہوری حقوق، آئینی شناخت کے تحفظ اور عوامی مطالبات کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں