تہران: شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ تہران میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی، جس میں ان کے تین بیٹوں سمیت ایرانی قیادت، اعلیٰ عسکری حکام اور لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ تہران کے مصلیٰ امام خمینی میں ادا کی گئی، جہاں معروف مذہبی رہنما آیت اللہ جعفر سبحانی نے نماز جنازہ پڑھائی۔
نماز جنازہ میں شہید سپریم لیڈر کے تین بیٹے مصطفیٰ خامنہ ای، میثم خامنہ ای اور مسعود خامنہ ای شریک ہوئے، جبکہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سکیورٹی وجوہات کے باعث عوامی منظر پر نہیں آئے۔
جنازے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، پاسداران انقلاب کے سربراہ احمد وحیدی اور قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قانی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق شہید ایرانی سپریم لیڈر اور ان کے خاندان کے چار افراد کی نماز جنازہ میں لاکھوں افراد شریک ہوئے، جنہوں نے اپنے قائد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تہران میں منعقد ہونے والی اس بڑی مذہبی تقریب کے دوران سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔