اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسی روز عوامی مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تھا۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 5 جولائی 1977 کو نافذ کی گئی آمریت نے یہ گمان کیا تھا کہ وہ عوام کی آواز کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دے گی، مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنے والے بے شمار کارکنوں کی قربانیوں نے ثابت کر دیا کہ حق، آئین اور عوامی حاکمیت کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ آج اس واقعے کو 49 برس گزرنے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور آئین کی بالادستی، ووٹ کے تقدس، پارلیمانی جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ آمریت، نفرت اور غیر آئینی سوچ کو مسترد کرتے ہوئے ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے سفر کو آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام، آئینی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

