واشنگٹن: امریکا یوم آزادی تقریبات شدید گرمی، تیز آندھی، بارش اور طوفانی موسم کے باعث متاثر ہو گئیں، جبکہ حفاظتی خدشات کے پیشِ نظر متعدد بیرونی سرگرمیوں کے ساتھ فضائی شو بھی منسوخ کر دیا گیا۔
امریکا کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقع پر واشنگٹن کے نیشنل مال میں ہزاروں افراد تقریبات میں شرکت کے لیے جمع ہوئے تھے، تاہم خراب موسمی حالات کے باعث بڑی تعداد میں شرکا نے تقریب کا مقام چھوڑنا شروع کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق تیز ہواؤں، بارش اور ممکنہ طوفانی صورتحال کے باعث مختلف تقریبات کا شیڈول بھی متاثر ہوا، جبکہ منتظمین نے عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے فضائی مظاہرے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موسم کی خرابی کے باوجود یومِ آزادی کی مرکزی تقریب ہر صورت منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بارش ان کی تقریبات کو نہیں روک سکتی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طوفانی موسم بعض اوقات تقریبات کو مزید یادگار بنا دیتا ہے اور وہ ہر صورت یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں، جبکہ موسم بہتر ہونے تک غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جمع ہونے سے گریز کریں۔

