کراچی: حسن جہانگیر ریکھا محبت نامہ سے متعلق برسوں سے گردش کرنے والی خبروں پر معروف پاکستانی گلوکار حسن جہانگیر نے دلچسپ انداز میں اپنا ردعمل دے دیا۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران حسن جہانگیر سے سوال کیا گیا کہ کیا بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ریکھا نے ان کے مشہور گانے “ہوا ہوا” کی کامیابی کے بعد انہیں محبت نامہ بھیجا تھا؟ اس سوال پر گلوکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ محبت کسی بھی عمر میں ہو سکتی ہے، لیکن کچھ باتیں راز ہی رہنے دینی چاہئیں۔
انہوں نے براہِ راست اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم ان کا اندازِ گفتگو سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
حسن جہانگیر نے بھارت میں اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وہاں ہمیشہ بے پناہ محبت ملی اور کبھی کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ان کے مطابق بالی ووڈ کے کئی بڑے فنکار، جن میں مادھوری ڈکشٹ، گووندا، شاہ رخ خان، سلمان خان اور متھن چکرورتی شامل ہیں، ان کے اچھے دوست ہیں اور آج بھی ان سے رابطہ برقرار ہے۔
گلوکار نے اپنی فنی زندگی کے ایک بڑے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بھارت میں بطور ہیرو متعدد فلموں کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن انہوں نے سات بڑی فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا اور پاکستان واپس آ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان فلموں میں نیلم، مادھوری ڈکشٹ اور دیگر معروف اداکارائیں شامل تھیں۔ حسن جہانگیر کے مطابق اگر وہ ان منصوبوں کا حصہ بنتے تو ممکن ہے کہ وہ فلمیں بڑی کامیاب ثابت ہوتیں۔
حسن جہانگیر کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں مداح ان کے ماضی سے جڑی یادوں اور انکشافات پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

