Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

امریکہ میں شدید گرمی، ہیٹ ویو اور بجلی بریک ڈاؤن سے 8 لاکھ 42 ہزار صارفین متاثر

واشنگٹن: امریکہ میں شدید گرمی اور ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو نے ملک بھر میں معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ شدید موسم اور بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث تقریباً 8 لاکھ 42 ہزار صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، جبکہ امریکہ کے 250ویں یومِ آزادی کی متعدد تقریبات بھی متاثر ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق مڈویسٹ اور شمال مشرقی ریاستیں شدید گرمی، تیز ہواؤں اور خراب موسمی حالات سے سب سے زیادہ متاثر رہیں۔ غیر معمولی درجہ حرارت کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا، جس سے ہزاروں گھروں اور کاروباری مراکز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دارالحکومت واشنگٹن میں یومِ آزادی کے موقع پر صبح ہونے والی شیڈول پریڈ منسوخ کر دی گئی، جبکہ شدید گرمی کے باعث جاری گریٹ امریکن اسٹیٹ فیئر کو بھی عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔ تقریب میں شریک متعدد افراد کی طبیعت گرمی کی شدت کے باعث خراب ہوئی، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

امریکہ میں شدید گرمی کے اثرات ٹرانسپورٹ کے شعبے پر بھی نمایاں رہے۔ امریکی ریلوے کمپنی ایمٹریک نے کئی ٹرینیں منسوخ کر دیں، جبکہ باقی ٹرینوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت کم رفتار سے چلانے کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق زیادہ درجہ حرارت ریلوے انفراسٹرکچر کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات نیشنل ویدر سروس نے خبردار کیا ہے کہ ریکارڈ توڑ ہیٹ ویو سے تقریباً 16 کروڑ 50 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر شدید گرمی کا یہ سلسلہ جاری رہا تو مزید علاقوں میں بجلی کی طلب میں اضافہ، بریک ڈاؤن اور سفری نظام میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں