Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا

لزبن: کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے بڑا اعلان سامنے آ گیا ہے۔ پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 ان کے شاندار بین الاقوامی کیریئر کا آخری عالمی ٹورنامنٹ ہوگا۔

اسپین کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 41 سالہ رونالڈو نے کہا کہ وہ اس ورلڈ کپ کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں مزید آگے تک جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہنے کا وقت آئے گا تو وہ مکمل اطمینان کے ساتھ رخصت ہوں گے، کیونکہ انہوں نے اپنے ملک اور کھیل کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

رونالڈو کے مطابق وہ صرف جذبے اور محبت کی خاطر فٹبال کھیلتے ہیں اور انہیں اب کسی کے سامنے اپنی صلاحیت ثابت کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔

کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ 2026 میں اب تک شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ وہ ٹورنامنٹ میں تین گول کر چکے ہیں۔ گروپ مرحلے میں ازبکستان کے خلاف دو گول کرکے انہوں نے تاریخ رقم کی اور چھ مختلف فیفا ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے۔

انہوں نے کروشیا کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں پنالٹی کے ذریعے اپنے کیریئر کا پہلا ورلڈ کپ ناک آؤٹ گول بھی اسکور کیا، جسے ان کے کیریئر کی ایک اور بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

رونالڈو نے کہا کہ موجودہ ورلڈ کپ ان کے لیے جذباتی اعتبار سے سب سے یادگار ایونٹ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنقید نے ہمیشہ انہیں مزید مضبوط بنایا اور ہر تجربے نے انہیں ایک بہتر انسان اور کامیاب کھلاڑی بننے میں مدد دی۔

یہ بھی پڑھیں