اسلام آباد (رضوان عباسی ): اے بی این نیوز نے وفاقی حکومت کے پانچ سالہ نجکاری پروگرام کی نئی فہرست حاصل کر لی ہے
ایئرپورٹس کی نجکاری کے حوالے سے وفاقی حکومت نے بڑا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ پانچ سالہ نجکاری پروگرام کی نئی فہرست کے مطابق ملک کے تین بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں سمیت مجموعی طور پر 25 سرکاری اداروں کو مختلف مراحل میں نجکاری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کو پہلے مرحلے میں نجکاری پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ حکومت نے ان تینوں ایئرپورٹس کی نجکاری ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کی کامیاب نجکاری کے بعد دونوں اداروں کو نجکاری پروگرام کی نئی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔
پانچ سالہ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں ایک سال کے دوران 11 سرکاری اداروں کی نجکاری مکمل کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک سے تین سال کے عرصے میں 13 اداروں اور تیسرے مرحلے میں تین سے پانچ سال کے دوران ایک ادارے کی نجکاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے علاوہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک، زرعی ترقیاتی بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ بھی نجکاری پروگرام کا حصہ ہیں۔
دوسرے مرحلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)، پشاور اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیاں، جام شورو پاور کمپنی، سنٹرل پاور جنریشن کمپنی، ناردرن پاور جنریشن کمپنی، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی، اسٹیٹ لائف انشورنس اور پاکستان ری انشورنس کمپنی شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق تیسرے اور آخری مرحلے میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری مکمل کی جائے گی۔
حکومتی منصوبے کے مطابق نجکاری پروگرام کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، مالی بوجھ کم کرنا اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔



