Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ، پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور: 60 ہزار روپے وظیفہ حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے سی ایم پنجاب کلائمیٹ لیڈرشپ ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام (فیز II، بیچ II) کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو تین ماہ تک 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

محکمہ تحفظ ماحول و ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے زیر اہتمام شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی قیادت، پالیسی سازی اور گورننس کے شعبے میں عملی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

حکومت کی جانب سے پروگرام میں 50 فیصد نشستیں طالبات کے لیے مختص کی گئی ہیں، تاکہ خواتین کی ماحولیاتی شعبے میں نمائندگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

انٹرن شپ کے دوران کامیاب امیدواروں کو مختلف اضلاع میں فیلڈ لرننگ، لرننگ مینجمنٹ سسٹم تک رسائی، ای پی اے کے فیلڈ دفاتر کے دورے، کیپسٹن پروجیکٹس، یو این ایف سی سی سی سے متعلق سرٹیفیکیشن اور ماہرین کی نگرانی میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

اہلیت کا معیار

اس پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر درخواست کی آخری تاریخ تک 20 سے 27 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔

درخواست گزار کے پاس کم از کم بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے، جس میں 75 فیصد نمبر یا 3.0/4.0 سی جی پی اے حاصل کیا گیا ہو۔

یہ پروگرام انوائرمنٹل سائنسز، انجینئرنگ، بزنس، کمپیوٹر سائنس، جی آئی ایس، سوشل سائنسز، پبلک پالیسی، اکنامکس، میڈیا اسٹڈیز، جرنلزم اور قانون سمیت مختلف شعبوں کے گریجویٹس کے لیے کھلا ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ

اہل امیدوار ای پی اے پنجاب کے آفیشل پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ درخواست کے دوران تعلیمی اسناد، قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔

آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں