Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

پاکستانی ہنرمندوں کے لیے بڑی خوشخبری، جرمنی میں ملازمت کا سنہری موقع

کراچی: جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہنرمندوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ یورپی ملک جرمنی میں مختلف تکنیکی اور ووکیشنل شعبوں میں ہنر مند افرادی قوت کی شدید کمی کے باعث ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں، جن سے پاکستانی نوجوان بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جرمنی اس وقت فنی مہارت رکھنے والے افراد کو اپنی لیبر مارکیٹ کا حصہ بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں بھرتیاں کر رہا ہے، جس سے پاکستانی ہنرمندوں کو بین الاقوامی کیریئر بنانے کا بہترین موقع مل سکتا ہے۔

اگرچہ جرمنی میں ملازمت حاصل کرنے کے لیے بنیادی جرمن زبان سیکھنا اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی باضابطہ تصدیق (Recognition) ضروری ہے، تاہم جدید ڈیجیٹل سہولیات نے یہ عمل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔

جرمن زبان سیکھنے کے لیے متعدد آن لائن کورسز، موبائل ایپلی کیشنز، ویڈیوز اور دیگر تعلیمی پلیٹ فارمز دستیاب ہیں، جہاں کم لاگت یا مفت میں زبان سیکھی جا سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق جرمن زبان میں مہارت بیرون ملک روزگار کے امکانات میں نمایاں اضافہ کرتی ہے۔

اسی طرح جن افراد کے پاس عملی تجربہ تو موجود ہے لیکن باقاعدہ سرٹیفکیٹ نہیں، وہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے Recognition of Prior Learning (RPL) پروگرام کے ذریعے اپنی مہارت کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق آر پی ایل اسیسمنٹ کامیابی سے مکمل کرنے اور بنیادی جرمن زبان سیکھنے کے بعد امیدواروں کی صلاحیتیں یورپی لیبر مارکیٹ کے معیار سے زیادہ ہم آہنگ ہو جاتی ہیں، جس سے جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک میں ملازمت کے مواقع بڑھ جاتے ہیں۔

نیوٹیک حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ اپنی سرٹیفکیشن کو یورپی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے تاکہ پاکستانی ہنرمند عالمی سطح پر زیادہ بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔

ماہرین نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف قانونی اور مستند ذرائع سے ہی ملازمت کی تلاش کریں، جرمن زبان سیکھنے پر توجہ دیں اور اپنی فنی مہارت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں