اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی ہے۔
38 سالہ شاپور زدران طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور نئی دہلی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ منگل کے روز انتقال کر گئے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا،’ إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ ‘۔انہوں نے کہا، ’پیارے شاپور! آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ پر اپنی بے پایاں رحمت نازل فرمائے اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘
سابق قومی کپتان نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ موت ہر ذی روح کا مقدر ہے، لیکن پشتونوں کی عزت، وقار اور روایات ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔ ان کے بقول جسم دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے، مگر انسان کی اقدار، کردار اور ورثہ ہمیشہ باقی رہتا ہے۔
شاپور زدران افغانستان کرکٹ ٹیم کے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 44 ایک روزہ اور 36 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی۔
وہ 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کی تاریخی پہلی ورلڈ کپ فتح کے ہیرو بھی تھے، جہاں انہوں نے فاتحانہ رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ایک یادگار کامیابی دلائی تھی۔




