لاہور(نیوز ڈیسک)معروف اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ شادی اور طلاق میرا فیصلہ تھا، کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔
میرا سیٹھی نے متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جن میں کچھ ان کہی، محبت صبح کا ستارہ ہے، چپکے چپکے اور ڈاکٹر بہوجیسے ڈرامے شامل ہیں، وہ ایک معروف صحافتی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں،ان کے والدین نجم سیٹھی اور جگنو محسن ممتاز صحافی اور ٹی وی کی معروف شخصیات ہیں،ان کے بھائی علی سیٹھی معروف گلوکاروموسیقار ہیں۔
میرا سیٹھی نے نومبر 2019ء میں کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 2023ء میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی،تاہم انہوں نے گزشتہ برس اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔
میرا سیٹھی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں اپنی طلاق سے حاصل ہونے والے سبق اور شادی کے فیصلے پر کھل کراظہارخیال کیا۔
میراسیٹھی نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ طلاق سے میں نے سب سے پہلے یہ سیکھا کہ ہمیشہ اپنی گَٹ فیلنگ پر انحصار نہ کریں اور کسی بھی شخص کے لیے اپنی شخصیت تبدیل نہ کریں چاہے وہ آپ کا شوہر ہو، دوست ہو، باس ہو یا کوئی اور ہو، لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ آپ ان کے مطابق خود کو بدل لیں لیکن یہ اچھی بات نہیں، یہی دو سب سے بڑے سبق ہیں جو میں نے سیکھے۔
میراسیٹھی نے مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا، بہت ترقی کی اور پہلے سے زیادہ بالغ نظر ہو گئی ہوں، اب میں اس بارے میں کھل کر بات کر سکتی ہوں کیونکہ میری طلاق کو کئی سال گزر چکے ہیں اور میں اس مرحلے سے آگے بڑھ چکی ہوں۔ یہ بھی پڑھیں:کلاسیکی موسیقی کی شان استادسلامت علی خاں کوبچھڑے 25برس بیت گئے
میرا سیٹھی نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں اکثر خواتین کو طلاق یا خلع پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ لڑکی ایڈجسٹ نہیں کر سکی، مجھ پر شادی کرنے کا کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا، میں نے معاشرے کی طے کردہ عمر کے مقابلے میں نسبتاً بڑی عمر میں شادی کی، یہ مکمل طور پر میرا ذاتی فیصلہ تھا جو محبت اور آئیڈیل ازم کی بنیاد پر کیا گیا تھا، اس فیصلے کی ذمہ دار میں خود ہوں، میں کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔
مزید پڑھیں۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریلیف کی امید جاگ اٹھی




