اسلام آباد (رضوان عباسی )شمالی قبرص ترک جمہوریہ (TRNC) کے وزیر محنت و سماجی تحفظ، اوغوزہان حاصب اوغلو نے کہا ہے کہ شمالی قبرص ترک جمہوریہ خودمختار ریاست کے طور پر بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے اور ترک قبرصی عوام کے لیے مساوی بین الاقوامی حیثیت کا خواہاں ہے۔
اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک میں خواتین کے کردار سے متعلق نویں وزارتی کانفرنس کے موقع پر پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مسئلۂ قبرص پر شمالی قبرص ترک جمہوریہ کے مؤقف کی وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترک قبرصی عوام کو عالمی برادری میں اپنی جائز نمائندگی اور مساوی حیثیت ملنی چاہیے۔
وزیر اوغوزہان حاصب اوغلو نے اسلامی ممالک کے ساتھ شمالی قبرص ترک جمہوریہ کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسلم دنیا کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
انہوں نے مسئلۂ شمالی قبرص پر پاکستان کے تعمیری اور مثبت مؤقف کو سراہتے ہوئے شمالی قبرص میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان مسلسل مکالمہ، باہمی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر پاکستانی صحافیوں اور شمالی قبرص کے وزیر کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی ہوا۔
مزید پڑھیں:پاک سعودیہ کے درمیان اقتصادی تعاون پر اہم پیش رفت، وزرائے خزانہ کی ملاقات


