Search
Close this search box.
جمعرات ,16 جولائی ,2026ء

حکومت نے چھوٹے دکانداروں کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے دکانداروں کو ریلیف دیتے ہوئے گرین پلیٹ آویزاں دکانوں پر ان لینڈ ریونیو افسران کے چھاپوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اس سلسلے میں ایف بی آر نے چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی طریقہ کار کا مسودہ بھی جاری کر دیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق گرین پلیٹ آویزاں دکانوں میں ان لینڈ ریونیو افسر داخل نہیں ہوگا جبکہ دکاندار آئی ریس (IRIS) پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے اپنا ٹیکس ریٹرن جمع کرا سکیں گے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فارم اردو سمیت دیگر علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ دکاندار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

خصوصی اسکیم کے تحت مجموعی کاروباری حجم پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا جبکہ گرین پلیٹ پر کیو آر کوڈ، این ٹی این، دکاندار کا نام اور دکان کا پتہ درج ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروبار کرنے والے دکاندار اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے تاہم ایک سے زائد دکانوں کے مالکان، ٹیئر ون ریٹیلرز، جیولرز، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا اور دیگر پیشہ ور افراد اس اسکیم میں شامل نہیں ہوں گے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ خصوصی اسکیم میں شمولیت اختیاری ہوگی اور دکاندار اگر چاہیں تو روایتی ٹیکس ریٹرن بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

ادارے کے مطابق اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے دکاندار کو کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس جمع کرانا ہوگا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانا ہے۔

مزید پڑھیں۔پاکستان میں سولر پینلز کی قیمتوں بارے تازہ نرخ جاری

یہ بھی پڑھیں