کراچی: کراچی میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آئندہ چند روز کے موسم سے متعلق اہم آگاہی جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق شہر میں آج اور کل ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ تین روز تک آسمان پر بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران کراچی میں موسم زیادہ تر ابر آلود رہے گا اور سمندر کی جانب سے معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی محسوس کی جا سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق آج دن بھر مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے، جبکہ پیر کے روز بھی شہر کے چند مقامات پر بارش کے امکانات موجود ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر کے دوران احتیاط برتنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو تقریباً تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں شدید گرمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔



