لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے ایسے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرائی ہے جو اپنے موجودہ گھر کی مرمت، مضبوطی یا توسیع کرنا چاہتے ہیں یا نیا گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دو الگ منصوبوں کے تحت اہل افراد کو آسان شرائط پر بلاسود قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
گھر کی مرمت اور توسیع کے لیے 5 لاکھ روپے تک قرض
اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام کے تحت موجودہ گھر کی مرمت، مضبوطی یا توسیع کے لیے اہل شہری زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے۔
نئے گھر کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک قرض
دوسری جانب اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت نئے گھر کی تعمیر کے خواہشمند اہل درخواست گزاروں کو 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو اپنا گھر بنانے میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
درخواست کا آسان طریقہ
حکومت نے قرض کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار آسان رکھا ہے۔ شہری سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے بھی معلومات اور رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بلاسود قرض کی سہولت سے شہری اضافی سود ادا کیے بغیر اپنے گھر کی تعمیر یا مرمت کا کام مکمل کر سکیں گے، جس سے ان پر مالی بوجھ کم ہوگا۔
درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری دستاویزات مکمل کر لیں تاکہ جانچ پڑتال اور منظوری کا عمل جلد مکمل ہو سکے۔
معلومات کے لیے ہیلپ لائن جاری
اسکیم سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے حکومت نے 0800-09100 ہیلپ لائن جاری کی ہے، جہاں شہری اپنے سوالات کے جوابات حاصل کر سکتے ہیں۔ اپنے گھر کی تعمیر یا مرمت کے خواہشمند افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔پیٹرول کی قیمتیوں پر روزانہ نظرثانی سے عوام کو کیا فائدہ ہوگا؟ ڈاکٹر خاقان نجیب نے بتا دیا

