لاہور(نیوز ڈیسک)حکومتِ پنجاب نے نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے “پنجاب شرمپ انٹرن شپ پروگرام 2026-27” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ایک سالہ عملی تربیت کے دوران ایک لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت مختلف تکنیکی اور پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے 100 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ تمام منتخب انٹرنز کو مظفرگڑھ کے علاقے علی والی میں قائم شرمپ اسٹیٹ میں تعینات کیا جائے گا، جہاں انہیں جھینگا فارمنگ سے متعلق جدید شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
انٹرن شپ کے دوران شرکا کو جھینگا فارمنگ، ہیچری آپریشنز، فیڈ کی تیاری، پروسیسنگ، لیبارٹری ورک، کوالٹی کنٹرول اور مارکیٹنگ سمیت ایکوا کلچر کے مختلف شعبوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد پنجاب میں ایکوا کلچر کے شعبے کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
درخواست کیسے دیں؟
اہل اور دلچسپی رکھنے والے امیدوار حکومتِ پنجاب کے آفیشل جاب پورٹل jobs.punjab.gov.pk پر آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ امیدوار پورٹل پر “Punjab Shrimp Internship Program” سرچ کرکے متعلقہ کیٹیگری میں درخواست فارم پُر کر سکتے ہیں۔
مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے امیدوار پروجیکٹ ڈائریکٹر، شرمپ ایکوا کلچر کے دفتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں۔200یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالوں کیلئے بڑی خبرآگئی


