رجب بٹ کی دولت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہے، جہاں پاکستان کے معروف یوٹیوبر نے پہلی مرتبہ اپنی مجموعی مالی حیثیت سے متعلق کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اہم دعویٰ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران میزبان نے رجب بٹ سے سوال کیا کہ آیا وہ کروڑ پتی ہیں یا ارب پتی؟ اس پر رجب بٹ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ گزشتہ سال ہی ارب پتی بن چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 100 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی کسی شارٹ کٹ یا اچانک قسمت بدلنے کا نتیجہ نہیں بلکہ تقریباً 12 برس کی مسلسل محنت، لگن اور مستقل مزاجی کا ثمر ہے۔
رجب بٹ نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں اور مستقبل میں بھی مزید محنت کے ساتھ اپنے کام کو آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رجب بٹ کی آمدن کے ذرائع
رجب بٹ پاکستان کے مقبول ترین ڈیجیٹل کریئیٹرز اور یوٹیوبرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کی آمدن کے نمایاں ذرائع میں یوٹیوب سے حاصل ہونے والی آمدن، برانڈ پروموشنز، سوشل میڈیا اشتہارات، مختلف کاروباری سرگرمیاں اور دیگر کمرشل منصوبے شامل ہیں۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران وہ اپنی مہنگی گاڑیوں، قیمتی گھڑیوں، بیرون ملک سفر، لگژری طرزِ زندگی اور شاندار شادی کی تقریبات کے باعث بھی مسلسل خبروں کا حصہ رہے ہیں۔
رجب بٹ کا یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں صارفین مختلف انداز میں اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ بعض افراد نے ان کی کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے بیان پر حیرت کا اظہار بھی کیا۔

