پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا، جہاں دوسرے روز ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 311 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ قومی بولرز نے نظم و ضبط کے ساتھ عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائے ہوپ سب سے نمایاں بیٹر رہے، جنہوں نے 92 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کیوم ہاج نے 84 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی۔
دیگر بیٹرز میں جوزف نے 23، ٹیگنرائن چندرپال اور جینگو نے 21، 21 رنز اسکور کیے۔ جسٹن گریوز 15، برینڈن کنگ 12 اور راکیم کارنوال 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کیمار روچ صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ جےڈن سیلز کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے۔ واریکن ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد علی اور محمد عباس کی شاندار بولنگ
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ میں قومی فاسٹ بولر محمد علی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تجربہ کار محمد عباس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خرم شہزاد نے 2 جبکہ عامر جمال نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ پاکستانی بولرز نے مسلسل دباؤ برقرار رکھتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
بارش سے کھیل متاثر
یاد رہے کہ میچ کے آغاز پر ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم مسلسل بارش کے باعث دوسرے روز صبح کے سیشن میں صرف 14.1 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔
اب پاکستان کو پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کے لیے مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ میچ پر اپنی گرفت مضبوط بنائی جا سکے۔

