اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے 9 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران میڈیا نمائندے مسلسل پولنگ اور ووٹر ٹرن آؤٹ کی رپورٹنگ کرتے رہے، جبکہ ووٹروں کو حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا زیادہ موقع دینے کے لیے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، پولیس، آئی جی، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اداروں نے شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں مؤثر کردار ادا کیا، جس کے باعث مجموعی طور پر انتخابی عمل منظم، کامیاب اور پرامن رہا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انتخابی روز پیش آنے والا افسوسناک واقعہ 2 گروپوں کے پرانے خاندانی تنازع کا نتیجہ تھا، کیونکہ ایک ہی خاندان کے افراد مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 10 روز قبل بھی اسی تنازع میں مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما ملک عاشق جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ انتخابی روز دوبارہ فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق اس واقعے کے علاوہ پورے میرپور ڈویژن میں پولنگ پرامن رہی اور کسی دوسرے مقام پر کوئی بڑا امن و امان کا مسئلہ پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر حلقہ ایل اے-6 میں ایک امیدوار کے خلاف فوری کارروائی کی گئی، جس نے مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی اور بیلٹ پیپرز جلانے کی کوشش کی۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس نے امیدوار کو گرفتار کر لیا، مقدمہ درج کر لیا گیا اور قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ فائرنگ کے واقعے میں ملوث متعدد افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے مرحلے کے انتخابات کا پرامن انعقاد خوش آئند ہے اور کشمیری عوام نے بھرپور انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کارکنوں کی محنت اور عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ایک سال سے جاری تنظیم سازی، اختلافات کے خاتمے اور مضبوط ٹیم ورک کے باعث جماعت کو کامیابی ملی۔
انہوں نے الیکشن کمیشن، سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ عوام نے نواز شریف کی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور عوامی خدمت کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں۔پیٹرولیم مصنوعات بارےوزیراعظم کا اہم فیصلہ سامنے آگیا

