لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )قائد مسلم لیگ ن اورسابق وزیراعظم میاں نواز شریف،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت پنجاب کی انتظامیہ کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، پنجاب کابینہ کے وزرا اور آئی جی سمیت اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی،قیادت کی جانب سے اجلاس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا۔
قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں،آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اورمہنگی ہوگی،عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے،کسانو ں کو سولر پینل دیں،حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے،کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان کاایک ایسا شہرجہاں زمین سے بورنگ کا پانی نکالنے پر فیس عائد کردی گئی
میاں نواز شریف نے کہاکہ آڑھتی او رملوں والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے،کاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے،ڈریپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیاجائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم آئے گی،کھاد مہنگی بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، لاگت میں کمی او رفصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا،ماضی میں خریداری قیمت سے کم پر ملوں کو گندم فراہم کرتی تھی،غریب اور امیر کی سبسڈی ایک جیسی تھی۔انتظامیہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں کہاگیاکہ 630 ارب روپے کا گردشی قرضہ حکومت پر چڑھ گیا،اگر اصلاحات نہ کی جاتیں تو 1.1 ٹریلین تک قرضہ پہنچنے کا خدشہ تھا،روزانہ 25 کروڑ صرف قرض کے سود کی مد میں ادا کیا جا رہا تھا،حکومت نے گندم پر جنرل سبسڈی ختم کر دی ہے۔اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری،وزیر خوراک بلا ل یاسین، وزیر زراعت سیدعاشق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری،ایس ایم بی آر، سیکرٹری خوراک، زراعت، فنانس، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


