لاہور(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی زیر قیادت ٹرانسپورٹ سیکٹر کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں لاہور کو 27 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ پنجاب بسوں کا کرایہ کم سے کم رکھا جائے۔
اجلاس میں میٹرو بس منصوبوں کو پنجاب کے تین شہروں میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ محمد نواز شریف نے طلباء کے لئے موٹر سائیکلوں کی تعداد میں اضافے کا حکم دیا۔
مزیدپڑھیں :رمضان کے روزے رکھنے والی ہندو خاتون
انہوں نے طلبہ کی موٹر سائیکلوں کی ماہانہ قسط میں ممکنہ حد تک کمی پر زور دیا۔ اجلاس میں 20 ہزار الیکٹرک اور پیٹرول بائیکس منصوبے کے ساتھ ساتھ پانچ شہروں میں 657 بس سروس کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کو 19 ہزار پیٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں بلا سود ماہانہ اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات اعظم بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، رکن صوبائی اسمبلی صنیحہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، فنانس، ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
