اسلام آباد: ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے بعد محکمہ موسمیات نے نئے مون سون سسٹم کے اثرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت آج اور کل ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیا مون سون سسٹم ملک میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی اور بھکر میں بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم اور اورکزئی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، کوہلو، لورالائی، ہرنائی، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ جبکہ سندھ کے تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، قمبر، شہدادکوٹ اور نوشہروفیروز میں بھی بارش متوقع ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان اور گوجرانوالہ میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کے قریب احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہریوں کو پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

