اسلام آباد(نیوزڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کے کھانے میں زیر ملایا گیا تھا۔
راولپنڈی میں عمر ایوب، اسد قیصر، شبلی فراز اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ بشریٰ بی بی عمران خان کی کمزوری نہیں طاقت ہیں، ان کا چیک اپ ہونے جارہا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ قیدی نمبر 804 سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے ہمارے چرائے ہوئے مینڈیٹ کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا وہ عدلیہ کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں، امید رکھتے ہیں سپریم کورٹ فل بینچ بنا کر ججز کے خط کی تحقیقات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ججز کو دھمکی آمیز خطوط پر بانی پی ٹی آئی نے تشویش کا اظہار کیا ہے، عید کے بعد ہم اپنی تحریک شروع کررہے ہیں، ہم نے گرینڈ الائنس کو حتمی شکل دے دی ہے۔
مزیدپڑھیں:بشریٰ بی بی کو زہر دینے سے متعلق ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف کا اہم بیان سامنے آ گیا
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ عید کے بعد بھرپور طریقے سے تحریک چلائیں گے، 12 تاریخ کو اختر مینگل کے گھر پر میٹنگ ہوگی، پورے ملک میں جلسے کا شیڈول دیا جائے گا۔
اسد قیصر نے کہا کہ پشین میں پہلا جلسہ ہوگا، خیبرپختونخوا میں ہمارے پسند کے آفیسر نہیں دے رہے، پیسے نہیں دے رہے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پھرتحریک شروع کرنے جارہے ہیں، اگلی میٹنگ کوئٹہ میں ہوگی جہاں سے جلسوں کا شیڈول دیں گے، پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، پاکستان کو بنانا ریپبلک بنادیا گیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کا کردار موجودہ صورتحال میں اہم ہے، سینیٹ میں ہمارے صوبے کے الیکشن کو ملتوی کیا گیا، کے پی نے ایک جماعت کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، کیا یہ اس کی سزادی جارہی ہے۔
اس موقع پر شبلی فراز نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور مینڈیٹ دیا جو چرا لیا گیا، ہم نے عدالتوں میں جدوجہد کرنی ہے، فارم 45 اور فارم 47 والے لوگوں میں فرق کرنا ہوگا۔
شبلی فراز نے کہا کہ عوام کے مسترد شدہ لوگوں کو مسند پر بٹھا دیا گیا ہے، ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی، لوگ باہر جارہے ہیں۔




