عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک مردہ جسم ہے جس کے تابوت میں کیلیں لگ چکی ہیں۔
چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اے این پی حکومت یا اپوزیشن کا ساتھ نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ اے این پی نے راستہ بدل دیا ہے، پارٹی نے کبھی سودے بازی نہیں کی اور نہ کبھی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی تحریک شروع کر دی ہے اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں، سیاستدانوں سمیت تمام اداروں کا احتساب ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں : جسٹس اشتیاق ابراہیم کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا
ایمل ولی خان نے یہ بھی کہا کہ قرضوں پر معیشت نہیں چل سکتی، شاہانہ طرز زندگی کو ترک کرنا پڑے گا، ایوان بالا میں غیر جانبدار بنچوں پر بیٹھنے کے لیے درخواست دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیازی کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، انہیں صرف اپنی ذات سے لینا دینا ہے، وہ آئین اور جمہوریت کی بالادستی کے حامیوں کے ساتھ جا سکتے ہیں۔
اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں بھی خیبرپختونخوا کو حق سے محروم رکھا گیا، کے پی کی موجودہ حکومت وفاق سے حق نہیں لے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اے این پی حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی حمایت نہیں کرے گی، اے این پی نے آئین اور حقیقی جمہوریت کے لیے اپوزیشن سے پہلے تحریک شروع کی۔


