اسلام آباد: ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی شرط پر عملدرآمد شروع کرتے ہوئے ملک بھر کے 18 لاکھ نان فائلرز کے موبائل فون سم کارڈز بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین ایف بی آر نے نان فائلرز کے سم کارڈز بلاک کرنے کی منظوری دے دی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فہرستیں متعلقہ افسران کو بھجوا دیں۔
ایف بی آر نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ 2023 میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کا ڈیٹا جمع کریں اور نان فائلرز کی حتمی فہرست مرتب کرکے چیف کمشنرز کو بھیجیں۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کے تمام افسران واہلکاروں پر میڈیا سے گفتگو پر پابندی عائد
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 18 لاکھ ٹیکس نادہندگان اور نان فائلرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ایف بی آر کے پاس نان فائلرز کے سم کارڈز کے ساتھ ساتھ بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کا اختیار ہے۔
ملک کے 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس افسران کو خصوصی اختیارات دے دیے گئے، نان فائلرز کے خلاف دفعہ 114 بی کے تحت کارروائی کی جائے گی، ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔




