Search
Close this search box.
جمعرات ,09 جولائی ,2026ء

امریکی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا

نیویارک(نیوز ڈیسک)امریکا کی جانب سے ایران پر تازہ حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ایران جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کے مکمل طور پر کھلنے کی امیدوں کو دھچکا پہنچا ہے۔ عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 79 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی ایک فیصد اضافے کے ساتھ 74.37 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا،اماراتی مربن خام تیل کی 6.67 فیصد اضافے کے ساتھ 74 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈنگ جاری ہے۔

امریکی فوج کی جانب سے ایران پر نئے حملوں کے اعلان کے بعد بدھ کی شب بھی تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد اضافہ دیکھا گیا۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر مزید حملوں کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد دونوں عالمی بینچ مارکس دو ہفتوں سے زائد کی بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ تازہ حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھلا رکھنا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے عبوری معاہدے کو بھی ختم قرار دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت میں احتیاط بڑھنے کا امکان ہے، کیونکہ جہاز مالکان نئی کشیدگی کے باعث خطرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ امریکا کے مطابق تازہ حملے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں پر منگل کو ہونے والے حملوں کے جواب میں کیے گئے، جبکہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کے کئی شہروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

دوسری جانب ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ادھر انشورنس انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق جنگی خطرات کے پیش نظر بعض انشورنس کمپنیوں نے شپنگ کمپنیوں کو عارضی طور پر آبنائے ہرمز سے سفر روکنے کا مشورہ دیا ہے، جبکہ دیگر ادارے اپنی انشورنس پالیسیوں پر نظرثانی کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں۔کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ، دو کھلاڑی جاں بحق

یہ بھی پڑھیں