اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں وفد پاکستان بھیجنے پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں۔
اسلام آباد میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وفد کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی وزیرخارجہ اور وفد کوخوش آمدیدکہتا ہوں، سعودی وفد کی پاکستان آمد پر بہت خوشی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وفد پاکستان بھیجنے پر شکر گزار ہیں۔
مزیدپڑھیں :یاماہا وائی بی آر کی قیمت 4لاکھ 66ہزار روپے ہو گئی
قبل ازیں وزیر اعظم سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی تھی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، وزیر اعظم نے سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
سعودی وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدل محسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلٰی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحق ڈار سمیت وفاقی وزرا شریک ہوئے، اجلاس میں تمام وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس اور کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔



