اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت مالی سال 2024-25کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر غور کررہی ہے۔
شہباز شریف کی زیر قیادت حکومت اپنا پہلا بجٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہے، سرکاری ملازمین مہنگائی سمیت مختلف عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ہر سال وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے بجٹ میں اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کرتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ کی تیاری کا آغاز مئی 2024 کے پہلے ہفتے سے کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مالی سال 2024-25 کے بجٹ کی تجاویز پر غور کے لئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں 11 رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
فنانس ڈویژن کو ملکی صنعت کے تحفظ، ٹیرف ریشنلائزیشن اور صنعتی فروغ سے متعلق بجٹ تجاویز موصول ہوئی ہیں۔
مزیدپڑھیں:ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 88 پیسے کی کمی
ذرائع کے مطابق افراط زر میں کمی لانے کے لیے حکومت ستمبر 2025 تک اسے 5 سے 7 فیصد کے ہدف کی حد تک لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مالی سال 2024-25 کے لئے ایف بی آر کا محصولات کی وصولی کا ہدف 10.952 ٹریلین روپے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں متوقع اضافہ
توقع ہے کہ حکومتیں آئندہ بجٹ سال 2024-2025 میں ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کا اعلان کریں گی۔ تاہم حکومتیں وزارت خزانہ کی تجاویز پر غور کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گی۔
اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو یہ اضافہ جولائی 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔


