Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

پاکستان اور روس کے تعلقات کسی اور ملک کی وجہ سے متاثر نہیں ہوں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

آستانہ (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ولادی میر پیوٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور روس طویل عرصے سے دوست ملک رہے ہیں اور ہمارے تعلقات کسی دوسرے ملک کی وجہ سے متاثر نہیں ہوں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت کے لیے دوشنبے سے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہیں جہاں انہوں نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے روسی صدر کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی، وزیر اعظم نے کہا کہ امید ہے کہ صدر پیوٹن کی قیادت میں روس ترقی کرے گا۔ پاکستان روس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون چاہتا ہے۔ پاکستان کے روس کے ساتھ دیرینہ تجارتی تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس طویل عرصے سے دوست ممالک ہیں، روس کے ساتھ برآمدات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

آپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، روسی صدر ولادیمیر پوٹن
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ آپ سے دوبارہ مل کر بہت خوشی ہوئی، 2 سال قبل ہماری ملاقات سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی پاکستان اور روس کے بہترین تعلقات ہیں۔

روسی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کی بدولت دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے اور ہم توانائی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت کے دوران وزیراعظم نے روسی صدر اور قازقستان کے وزیراعظم سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم آستانہ میں ایس سی او پلس سربراہی اجلاس میں علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

شہباز شریف سربراہی اجلاس کے موقع پر شریک رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان کی بدھ کو روسی صدر اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

اس کے علاوہ بدھ کو پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا دور ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔
مزیدپڑھیں :‘چلیں عوام کے لیے مردہ خانہ مفت ہے’ کراچی کے سب سے بڑے مردہ خانے کا افتتاح اور صارفین کے تبصرے

یہ بھی پڑھیں