9 مئی تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ کیس میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت میں چالان جمع کرادیا۔تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود کے خلاف چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں شاہ محمود قریشی پر 9 مئی کی پلاننگ کرنے کا الزام عائد کیا گیا، چالان میں 50 سے زائد گواہوں کی لسٹ بھی موجود ہے، جب کہ پی ٹی آئی رہنما پر لوگوں کو اکسانے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی طلبی کے نوٹسز جاری کردیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی سے متعلق تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے طلب کرلیا تھا، ایڈمن جج خالد ارشد نے تفتیشی افسر کی استدعا پر شاہ محمود قریشی کو طلب کیا۔رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے رانا مدثر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، ان کی جانب سے استدعا کی گئی کہ شاہ محمود قریشی کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا جائے اور لاہور میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے رانا مدثر ایڈووکیٹ کی استدعا کو منظور کر لیا اور شاہ محمود قریشی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کے احکامات جاری کیے، عدالت نے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری کردیا تھا۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 8 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا، ٹرائل کوٹ لکپھت جیل میں ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا


