راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہاکہ عمران خان سچے انسان ہیں، ملک کے وقار اور عوام کے لئے کھڑے ہیں، بزدل وہ ہیں جو ہمیں جیل میں ڈال کر ظلم کر رہے ہیں، ہم پر جتنا ظلم کرنا ہے کرلیں اللہ تعالیٰ ان سے حساب ضرور لے گا۔ہفتہ کواڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئےبشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اسے پہلے بھی زہر دیا گیا اور اس پر فائرنگ بھی کی گئی، عمران خان کو زہر دیئے جانے کے حوالے سے ہماری درخواست عدالت میں ہے اس پر فیصلہ نہیں دیا جا رہا، میں نے درخواست میں کسی شخص کا نام نہیں لکھا انہیں کس چیز کا ڈر ہے، جیل افسران بھی بار بار تبدیل کر دیئے جاتے ہیں، ملک کے ایک، دو، تین کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے ملک سے مخلص اور خوددار شخص کو جیل میں رکھا ہوا ہے، چور، لٹیرے اور ڈاکوؤں کو وی آئی پی ٹریٹمنٹ دے کر حکومت دے دی گئی۔
بشریٰ بی بی کہتی ہیں کہ میں جیل میں بھی رہ کر حق کی بات کروں گی، مجھے نہیں معلوم کہ میں زندہ رہوں گی یا نہیں لیکن حلف دیتی ہوں کہ سب کیسسز جھوٹے ہیں، بنی گالہ سب جیل منتقل کیا گیا تو یہ تاثر دیا گیا کہ عمران خان بھی یہاں آنا چاہتے ہیں، میں نے سب جیل بنی گالہ میں رہنے سے انکار کیا، میں نے کہا یاسمن راشد، عالیہ حمزہ، پرویز الہی، محمود الرشید اور دیگر کارکنان جیل میں ہیں تو میں بھی جیل میں رہوں گی۔




